لاہور‘ ٹیوشن سینٹر

لاہور‘ ٹیوشن سینٹر میں کمسن بچی کی ہلاکت، قتل کا مقدمہ درج، پولیس کی تحقیقات شروع

لاہور (کرائم رپورٹر) اچھرہ کے علاقے میں ٹیوشن سینٹر میں 10 سالہ بچی کی ہلاکت کے واقعے پر پولیس نے قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ جاں بحق بچی کے والد محمد عدنان کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق بچی اپنی دو بہنوں کے ہمراہ دوپہر ایک بجے ٹیوشن سینٹر گئی تھی، جہاں بعد ازاں اس کی طبیعت اچانک خراب ہونے کی اطلاع دی گئی۔ ایف آئی آر کے مطابق ٹیچر کے والد عبدالروف کی جانب سے بچی کی طبیعت خراب ہونے کا بتایا گیا، جس کے بعد اسے بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے پہنچنے پر اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ بچی کے والد نے پولیس کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ان کی بیٹی کو نامعلوم افراد نے قتل کیا ہے۔

پولیس کے مطابق بچی کے گلے پر نشانات موجود تھے، جس کے بعد واقعے کے مختلف پہلوں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ آنے کے بعد موت کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں گی۔ پولیس کے مطابق تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور واقعے میں ملوث افراد کا تعین شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں