بغداد(انیوز ڈیسک)عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی نے ہفتے کے روز ہدایت کی ہے کہ بدعنوانی کے ذریعے حاصل کی گئی سرکاری جائیدادوں اور رقوم کی نشاندہی کرنے والے افراد کو مناسب مالی انعام دیا جائے۔وزیراعظم کے میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق علی فالح الزیدی نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرپشن کے ذریعے حاصل کی گئی سرکاری دولت اور اثاثوں کے بارے میں متعلقہ اداروں کو آگاہ کریں تاکہ ان کی نشاندہی، بازیابی اور ریاست کو واپسی ممکن بنائی جا سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام قومی، اخلاقی اور قانونی ذمہ داری کے تحت عوامی خزانے کے تحفظ اور حکومتی پروگرام پر عمل درآمد کے لیے کیا جا رہا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم نے کرپشن کے خلاف جنگ میں تعاون کرنے والے مخبروں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں مالی انعام دینے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ ادارے جلد ہی شکایات اور اطلاعات وصول کرنے کے لیے ایک خصوصی آن لائن پورٹل بھی متعارف کرائیں گے۔
علی فالح الزیدی نے اس سے قبل وزارتِ داخلہ کے دورے کے دوران بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی بھی کرپٹ شخص کے ساتھ، خواہ اس کا تعلق کسی بھی جماعت یا ادارے سے ہو، نرمی نہیں برتی جائے گی۔عراقی حکومت گزشتہ چند دنوں سے مسلسل اس بات پر زور دے رہی ہے کہ سرکاری خزانے کی لوٹ مار اور مشکوک معاہدوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔یاد رہے کہ گزشتہ مئی میں وزارتِ تیل کے نائب وزیر عدنان الجمیلی کی گرفتاری کے بعد متعدد ارکانِ پارلیمنٹ، سرکاری عہدیداروں اور کاروباری شخصیات کے مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔