لاہور(کرائم رپورٹر )لاہور میںڈولفن فورس کے موبائلز اسکواڈ نے نوکری کا جھانسا دے کر خواتین سے مبینہ زیادتی کرنے کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق وومن ریس کورس پولیس کو زیادتی کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم چیکنگ کے دوران گجومتہ ناکا سے گرفتار کیا گیا۔
موبائلز اسکواڈ نے معمول کی چیکنگ کے دوران مشتبہ شخص کو روکا اور تصدیق پر معلوم ہوا کہ ملزم بابر علی پولیس کو مطلوب اشتہاری ہے۔ کریمنل ریکارڈ کے مطابق ملزم اے کیٹیگری کا اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم بابر علی نوکری کا جھانسا دے کر زیادتی کرنے کے مقدمے میں گزشتہ 5 ماہ سے تھانہ وومن ریس کورس پولیس کو مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لئے روپوش تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کےلئے تھانہ کاہنہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ تفتیشی ونگ کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔ایس پی موبائلز کے مطابق اسکواڈ جدید ٹیکنالوجی اور ای پولیس ایپ کی مدد سے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے۔