نئی دہلی(انٹرنیشنل نیوز )ایران امریکا امن معاہدے پر پوری دنیا پاکستانی کردار کی کامیابی کی معترف ہے اور ادھر بھارتی کانگریس مودی سرکار پر تنقید کے نشتر برسا رہی ہے۔ایران امریکا جنگ بندی اور امن معاہدے میں پاکستان کی کامیاب ثالثی پر بھارت میں مودی حکومت پرشدید تنقید ہونے لگی، بھارتی اپوزیشن اور میڈیا پاکستان کی کامیاب سفارت کاری اوراس کے سراہے جانے کو مودی سرکارکی ناکامی قراردے رہا ہے۔ب
ھارتی جریدے دی ٹریبیون کے مطابق کانگریس کے جنرل سیکرٹری جے رام رامیش نے کہا کہ ایران امریکا امن معاہدے کو اسلام آباد ایم او یو قرار دیا جانا خطے میں پاکستان کی بڑھتی اہمیت اور عالمی اثر ورسوخ کو ظاہر کرتا ہے۔جے رام رمیش کے مطابق معاہدے کا نام اسلام آباد مفاہمتی یادداشت رکھنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی ایشیا کے سیاسی اور سیکیورٹی منظرنامے میں پاکستان کا بڑھتا ہوا اثرورسوخ بھارت کیلئے تشویش کا باعث ہے۔
بزنس سٹینڈرڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خطے میں اسرائیل کی کارروائیوں کیلئے مودی سرکار کی حمایت خود بھارت کے لئے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مودی کا ٹرمپ کے سامنے مسلسل خوشامد پسندانہ رویہ بھارت کیلئے شرمناک اورقومی مفادات کے منافی ہے۔ماہرین کے مطابق مودی حکومت کی نااہلی کے باعث بھارت کو سفارتی، دفاعی اور بین الاقوامی تجارتی میدان میں مسلسل رسوائی کا سامنا ہے، پاکستان کو سفارتی تنہائی کا شکار کرنے کا خواب دیکھنے والی مودی سرکار آج خود دنیا بھر میں تنہائی کا شکار نظرآ رہی ہے۔