اسلام آباد(ہیلتھ نیوز)قومی ادارہ صحت نے شدید بارشوں اور سیلاب سے متعدی امراض پھیلنے کے خدشے کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری انتباہ میں کہاگیاہے کہ مون سون بارشیں ڈینگی، ملیریا اور ہیضے کی وباﺅ ں کا سبب بن سکتی ہیں، کھڑا پانی ڈینگی اور ملیریا جبکہ آلودہ پانی ہیضہ اور ٹائیفائیڈ پھیلا سکتا ہے، مون سون کے دوران کرنٹ لگنے، سانپ کے کاٹنے اور ڈوبنے کے واقعات بڑھنے کابھی خدشہ ہے،قومی ادارہ صحت کے مطابق آسمانی بجلی، دیواریں اور چھتیں گرنے سے جانی نقصان کا خطرہ بڑھ گیاہے،سیلابی پانی سے لیپٹوسپائروسس سمیت خطرناک انفیکشنز پھیل سکتے ہیں۔
این آئی ایچ نے صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اورہسپتالوں کو ادویات، آکسیجن، او آر ایس اور اینٹی اسنیک وینم کے ذخائر یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔قومی ادارہ صحت کی جانب سے کہاگیاہے کہ مچھر افزائش گاہوں کے خاتمے اور اسپرے مہمات تیز کرنے کی ضرورت ہے،سیلابی پانی اور گری ہوئی بجلی کی تاروں سے بھی دور رہنے کی ہدایت کی کی گئی ہے۔
قومی ادارہ صحت کی جانب سے مزیدکہاگیاہے کہ بچوں کو نہروں، تالابوں اور سیلابی پانی سے دور رکھا جائے، کمزور دیواروں، پرانی عمارتوں اور درختوں کے قریب پناہ لینے سے گریز کیا جائے،مون سون کے دوران بیماریوں کی بروقت نشاندہی اور رپورٹنگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔