بھارتی فضائیہ

بھارتی فضائیہ کا ایک اور طیارہ حادثے کاشکار،پائلٹ ہلاک

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک )بھارتی فضائیہ کا ایک اورجنگی طیارہ حادثے کاشکارہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔ بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی فضائیہ کا ایک مال بردار اور دفاعی لاجسٹک ٹرانسپورٹ طیارہ ریاست آسام میں دورانِ لینڈنگ حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوا، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ اپنی معمول کی پرواز مکمل کرنے کے بعد جورہاٹ ایئر فیلڈ پر اترنے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم رن وے کے قریب پہنچتے ہی طیارہ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور گر کر تباہ ہو گیا۔

حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طورپر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ وزارتِ دفاع اور بھارتی فضائیہ کے ترجمان نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے مختصر بیان میں اس فضائی حادثے کی تصدیق کی، طیارہ آسام کے اسٹریٹجک اور اہم فوجی اڈے جورہاٹ پر لینڈنگ کے آخری مراحل میں تھا کہ اچانک زمین بوس ہو گیا، بھارتی فضائیہ نے حادثے کی اصل وجوہات کا پتا لگانے کے لیے فوری طور پر اعلی سطح کی تفتیش اور ‘کورٹ آف انکوائری’ کا حکم دے دیا، ابتدائی طور پر اسے تکنیکی خرابی یا خراب موسم کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹرانسپورٹ اور مال بردار طیارے کا تباہ ہونا ایک بڑا اسٹریٹجک نقصان مانا جا رہا ہے کیوں کہ یہ ٹرانسپورٹ طیارے بھارتی فوج کے دور دراز علاقوں اور پہاڑی سلسلوں میں موجود فوجیوں تک گولہ بارود، راشن اور بھاری مشینری پہنچانے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ رواں سال اب تک بھارتی فضائیہ کے مجموعی طور پر 11 جنگی طیارے اور ایک ہیلی کاپٹر تباہی کا شکارہوچکے ہیں۔ ماہرین کےمطابق جنگی طیاروں کے مسلسل حادثات نے بھارت کی نام نہاد جنگی تیاریوں اوردفاعی کھوکھلے پن کو دنیا کے سامنے عیاں کردیا ہے،ہر گزرتے دن کیساتھ حادثات میں اضافہ واضح کرتا ہے کہ بھارتی فضائیہ اندرونی طور پر شدید بوکھلاہٹ، لاپرواہی اور تکنیکی زوال کا شکار ہوچکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں