ڈالر

امریکہ میں ٹرمپ کی تصویر والا 250 ڈالر کا نوٹ لانے کی کوششیں ہورہی ہیں ،امریکی اخبار

واشنگٹن (انٹرنیشنل نیوز)ٹرمپ انتظامیہ کے کچھ افراد امریکی کرنسی چھاپنے والے ادارے پر دباﺅ ڈال رہے ہیں کہ 250 ڈالر کا نیا نوٹ تیار کیا جائے جس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر شامل ہو۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے امریکی کرنسی چھاپنے والے ادارے کے 4 موجود ہ اور سابق ملازمین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ 150 سال سے زائد عرصے میں پہلی بار ہوگا کہ کسی زند ہ شخصیت کی تصویر امریکی کرنسی پر شائع کی جائے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال سے وزارت خزانہ کے دو عہدیدار برینڈن بیچ اور ان کے سینئر مشیر مائیک بران بیورو آف اینگر یونگ اینڈ پرنٹنگ کے عملے کو بار بار اس نوٹ کے نمونے تیار کرنے پر زور دیتے رہے۔

ادارے کے ملازمین کا کہنا ہے کہ اس اقدام نے کچھ خدشات کو جنم دیا ہے کیونکہ موجود ہ وفاقی قانون کے تحت صرف ان افراد کی تصاویر ہی کرنسی پر چھاپی جا سکتی ہیں جو وفات پاچکے ہوں۔اس سلسلے میں برینڈن بیچ نے اگست اور ستمبر میں ادارے کے عملے کو مجوزہ نوٹ کے ڈیزائن بھی فراہم کیے جن میں ایک خاکہ ایسا تھا جس میں 250 ڈالر کے نوٹ کے وسط میں صدر ٹرمپ کی تصویر دکھائی گئی تھی جبکہ اس کے اطراف صدر اور وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے دستخط شامل تھے۔

اس ڈیزائن کے تخلیق کار برطانوی مصور آئین الیگزینڈر نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ انہوں نے اس حوالے سے خود صدر ٹرمپ سے بات کی تھی۔آئین الیگزینڈر کے مطابق ٹرمپ نے ان کے اصل ڈیزائن میں کچھ تبدیلیوں کی بھی حمایت کی جن میں امریکی پرچم کے رنگ شامل کرنا اور ملک کے قیام کی 250ویں سالگرہ کی یاد میں ایک لوگو شامل کرنا بھی شامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں