راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی چکری روڈ لیاقت کالونی میں مبینہ غیرت کے نام پر ہولناک قتل کی واردات پیش آئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی اور لڑکے کو آگ لگا دی گئی، جبکہ لڑکے کا جسم 90 فیصد جھلس گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ سے جل کر لڑکی جان کی بازی ہار گئی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکا اور لڑکی دونوں مقامی بیٹھک میں موجود تھے۔ لڑکے کو انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ لڑکی کی لاش جائے وقوعہ پر موجود ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اور فرانزک ٹیمیں شواہد جمع کر رہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اصل حقائق پوسٹ مارٹم اور مکمل تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔راولپنڈی پولیس نے ابتدائی تفتیش مکمل کرلی جس کے مطابق 40 سالہ شخص مصباح نامی لڑکی سے محبت کرتا تھا، محبت میں ناکامی سے دلبرداشتہ شخص نے مصباح کو پٹرول چھڑک کر آگ لگائی۔راولپنڈی ملزم نے پہلے لڑکی پر پٹرول چھڑکا پر خود کو بھی آگ لگائی، راولپنڈی پولیس نے 40 سالہ شخص کا ابتدائی بیان بھی ریکارڈ کرلیا۔پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی جاں بحق ہوگئی جب کہ 40 سالہ شخص شدید زخمی ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس نے کہا کہ دو افراد کے آگ سے جھلسنے کی اطلاع پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لے کر ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کرلی اور انہیں موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق مرد نے اپنے آپ کو اور خاتون کو خود آگ لگائی، غیرت کے نام پر قتل کے شواہد سامنے نہیں آئے، تاہم تمام زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، خاتون کی نعش اور زخمی مرد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، موقعہ سے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں، واقعہ کی میرٹ پر تحقیقات کرتے ہوئے حقائق کو سامنے لایا جائے گا۔