غزہ،بیروت(انٹرنیشنل نیوز)غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں کم از کم پانچ فلسطینی جاں بحق ہو گئے جبکہ جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملے جاری رہے جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ عرب میڈیارپورٹس کے مطابق غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں جہاں تین افراد دیر البلح، جبکہ دیگر خان یونس اور بیت لاہیا میں جاںبحق ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق وسطی غزہ کے شہر دیر البلح میں ایک کمیونٹی کچن کو نشانہ بنایا گیا، جہاں جاں بحق ہونے والے تینوں افراد فلاحی ادارے کے کارکن تھے۔ ادھر حماس نے اس حملے کو دانستہ جنگی جرم اور غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف جاری نسل کشی کا تسلسل قرار دیا ہے۔حماس کے بیان میں کہا گیا کہ یہ سب کچھ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے اسرائیل کو اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کی مزید حوصلہ افزائی مل رہی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین، اقدار اور انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
دوسری جانب لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے گزشتہ ایک گھنٹے کے دوران جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر متعدد فضائی حملے کئے۔رپورٹ کے مطابق کفرصیر نامی قصبے پر ہونے والے فضائی حملے میں کئی افراد زخمی ہوئے جبکہ قصیبہ کے علاقے کو دو مرتبہ نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی طیاروں نے نبطیہ، تبنین اور ضلع بنت جبیل کے قصبے فرون پر بھی حملے کئے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے ان حملوں کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا جبکہ زخمیوں کی تعداد کے بارے میں بھی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔