لاہور(شوبز ڈیسک )یوٹیوبر رجب بٹ کو عدالت پیشی پر پولیس پروٹوکول دینے کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقررہوگئی۔ رجسٹرار آفس لاہور ہائی کورٹ نے کیس کل 11 مئی کو سماعت کے لیے مقرر کرکے کاز لسٹ جاری کردی۔جسٹس طارق سلیم شیخ شہری پلوشہ عبدالحدکی درخواست پر سماعت کریں گے،عدالت نے فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے۔
دائر درخواست میں آئی جی پنجاب ،ڈی آئی جی سکیورٹی اور رجب بٹ کو فریق بنایاگیا ہے۔درخواست گزارکے مطابق رجب بٹ کے خلاف سیشن کورٹ میں خاتون سے زیادتی کے مقدمے کا ٹرائل چل رہا ہے،درخواست گزار اس مقدمے میں رجب بٹ کے خلاف گواہ ہے،ملزم ہونے کے باوجود رجب بٹ کو ہر پیشی پر پولیس پروٹوکول دیا جاتا ہے ،رجب بٹ نا پبلک آفس ہولڈر ہیں نااس کے پاس کوئی سرکاری عہدہ ہے،زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزم کو پولیس پروٹوکول دینا غیر قانونی ہے ،ایک ملزم کو پروٹوکول دینا سرکاری خزانے کا ناجائز استعمال ہے۔
درخواست گزارکی جانب سے استدعاکی گئی ہے کہ رجب بٹ کو عدالت پیشی کے موقع پر دیا جانے والا پروٹوکول واپس لینے کا حکم دیا جائے ۔