تہران(انٹرنیشنل ڈیسک ) ایرانی خاتم الانبیا ہیڈ کوارٹرز کے نائب کمانڈر جنرل محمد جعفر اسدی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق امریکہ کو رائے دینے کا حق نہیں۔
ایرانی میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں نائب کمانڈر خاتم الانبیا ہیڈ کوارٹرز جنرل محمد جعفر اسدی نے کہا کہ دشمن کی کسی بھی غلطی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، امریکا سے کہتے ہیں ایران وینزویلا نہیں۔جعفر اسدی کا مزید کہنا تھا کہ دشمن ایران کے تیل کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، ایران اور اس کی عظیم قوم دشمن سے مقابلے کیلئے متحد ہے۔
دوسریجانب پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قانی نے کہا ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کی حمایت جاری رہے گی۔ ایک بیان میں اسماعیل قانی نے کہا کہ مزاحمتی محاذ کے درمیان اتحاد پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکا ہے، آج ہماری توجہ حزب اللہ اور مزاحمتی محاذ کے دیگر عناصر کی حمایت پر مرکوز ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ صہیونی ریاست نے حالیہ دہائیوں میں کسی بھی جنگ کو اپنے مقاصد حاصل کر کے ختم نہیں کیا، جنوبی لبنان میں شکست اسی تاریخی تسلسل کا حصہ ہے۔