تہران (مخبر نیوز )ا یران نے آئندہ سال ہونے والے مینز فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ایران نے تہران کے آزادی اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کوالیفائرز ایشیا کے گروپ اے کے میچ میں ازبکستان کے خلاف مقابلہ 2-2 سے برابر کرکے فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنی جگہ پکی کرلی۔
اگلے سال ہونے والے میگا ایونٹ میں کوالیفائی کرنے کیلئے ایران کو ازبکستان کے خلاف صرف میچ ڈرا کرنے کی ضرورت تھی۔کوالیفائر میچ میں ایک موقع پر ازبکستان کو 82 ویں منٹ تک دو، ایک کی برتری حاصل تھی لیکن 83 ویں منٹ میں مہدی تریمی نے شاندار گول کرکے ایران کو خسارے سے نکالا۔
میچ کے پہلے ہاف میں ازبکستان نے 16 ویں منٹ میں کوجیمات کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، دوسرے ہاف میں اسے ایران کی جانب سے مہدی تریمی نے برابر کیا جبکہ اگلے ہی منٹ میں ابوسبیک نے ازبکستان کی جانب سے گول کرکے پھر ٹیم کو برتری دلائی۔83ویں منٹ میں مہدی تریمی نے ایران کیلئے گول کردیا، مقررہ وقت میں مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا جس کی بدولت ایران کی ٹیم ایک پوائنٹ حاصل کرکے فٹ بال ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
فٹبال ورلڈ کپ اگلے برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہوگا جس میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ان دنوں مختلف براعظموں میں میگا ایونٹ کیلئے کوالیفائنگ راﺅنڈ جاری ہیں۔
ایران نے مسلسل چوتھی اور مجموعی طور پر ساتویں بار فیفا ورلڈ کپ میں کوالیفائی کیا ہے۔واضح رہے کہ کوالیفائنگ کے تیسرے رانڈ میں 18 ٹیموں کو 3 گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں ہر گروپ کی 2 ٹاپ ٹیمیں فٹ بال ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔اس سے قبل جاپان اور نیوزی لینڈ فیفا ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرچکے ہیں جبکہ ورلڈکپ کے میزبان امریکا، کینیڈ اور میکسیکو کی پہلے ہی جگہ پکی تھی۔