اسلام آباد(مخبر نیوز ) 190 ملین پاﺅنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئیں۔عمران خان اور بشری بی بی کی جانب سے درخواستیں بیرسٹر سلمان صفدر نے دائر کیں۔
سزا معطلی کی درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ نیب نے بدنیتی سے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، نامکمل تفتیش کی بنیاد پر جلد بازی میں سزا سنائی گئی ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ این سی اے سے معاہدے کا متن حاصل نہ کرنا تفتیشی ایجنسی کی ہچکچاہٹ واضح کرتا ہے، نیشنل کرائم ایجنسی حکام کو شامل تفتیش بھی نہیں کیا گیا، استغاثہ مکمل شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 17 جنوری کو سنائی جانے والے سزا معطل کرکے عمران خان اور بشری بی بی کو ضمانت پر رہائی دی جائے۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مرکزی اپیل کے حتمی فیصلے تک فیصلہ اور سزا معطل کیے جائیں، عدالت کو یقینی دہانی کراتے ہیں سزا معطلی کے بعد اپیل کی ہر سماعت میں موجود ہوں گے