ایف آئی اے

ایف آئی اے نے چینی مافیا کے خلاف تحقیقات کا آغازکردیا ، پی ٹی اے سے مدد طلب

اسلام آباد(مخبر نیوز ) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چینی کی قیمت میں اضافے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ ایف آئی اے نے چینی مافیا کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے چینی کی قیمتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اور وزیر اعظم نے چینی کی قیمتوں کے معاملے پر کمیٹی قائم کی تھی۔انہوں نے کہا کہ رانا تنویر حسین کی سربراہی میں چینی کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اور کمیٹی کے اجلاس میں شوگر ملز مالکان کے تحفظات کا جائزہ لیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ایک ماہ تک چینی کی قیمت ایکس مل ریٹ 159 روپے ہو گی۔ اور یقینی بنایا جائے گا کہ چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت 164 روپے سے زائد نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کے اجلاس میں خیال تھا کہ شوگر کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔

تاہم گزشتہ روز چینی کی قیمت میں دوبارہ اضافہ ہوا جو کسی صورت برداشت نہیں ہو گا۔ دریں اثناء وزیراعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے چینی مافیا کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے تحقیقات کیلئے پی ٹی اے سے مدد مانگ لی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے پی ٹی اے سے 11 افراد کے نام پر رجسٹرڈ موبائل فون نمبرز طلب کر لئے۔ ایف آئی اے کی بھجوائی گئی فہرست میں چینی کے مبینہ جعلی خریداروں کے نام شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کو مبینہ خریداروں کے صرف نام اور شناختی کارڈ نمبر فراہم کئے گئے ہیں۔ موبائل سمز کے نمبر فراہم نہیں کیے گئے۔ چینی مافیا کے خلاف تحقیقات کی ہدایت وزیراعظم شہباز شریف نے دے رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں