ریاض (مخبر نیوز)سعودی عرب کے سرکاری امدادی ادارے شاہ سلمان ریلیف سینٹرنے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ مشترکہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت یمن میں ملیریا جیسی موذی وبا پر قابو پانے اور وبا کی روک تھام کے منصوبے کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
اس منصوبے کے لیے کل 12 ملین ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق معاہدے پر شاہ سلمان ریلیف سینٹڑ کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ اور عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس اذانوم گھبریئس نے دستخط کیے۔ یہ معاہدہ یمن میں ملیریا کی روک تھام کے پروگرام کے پہلے مرحلے کی توسیع ہے۔دوسرے مرحلے میں حفاظتی سرگرمیوں کا ایک مجموعہ شامل ہے، جس میں 1,300,000 سے زیادہ مچھر دانیوں کی تقسیم،500,000 سے زیادہ گھروں میں کیڑے مار دوا کے اسپرے کی مہم چلانا شامل ہے۔