سہ فریقی سیریز

سہ فریقی سیریز، چیمپئنز ٹرافی، فخر زمان کیساتھ بابر اعظم سے اوپننگ کرانے کا فیصلہ

لاہور(سپورٹس ڈیسک)سہ فریقی ٹورنامنٹ اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں فخر زمان کے ساتھ دوسرے اوپنر کا فیصلہ ہوگیا۔سہ فریقی ٹورنامنٹ اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں فخر زمان کے ساتھ پاکستانی اننگز کا آغاز ٹیم کے سب سے مستند اور تجربہ کار بیٹر بابر اعظم کریں گے۔

قومی ٹیم انتظامیہ نے بابر اعظم کو میگا ایونٹ اور اس کے بعد پاکستان ٹیم میں وہ کردار ادا کے لیے کہا ہے جو بھارتی ٹیم میں سچن ٹنڈولکر ادا کرتے تھے، بابر اعظم نے یہ مشکل مشن مکمل کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔پاکستان نے گزشتہ روز جس 15 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے اس میں واحد ریگولر اوپنر فخر زمان ہیں جبکہ قومی سلیکٹر اسد شفیق نے کہا ہے کہ ان کے ساتھ دوسرے اوپنر کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔

ٹیم انتظامیہ کے حددرجہ مصدقہ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ کے پہلے دن پہلے جب صائم ایوب کے ٹخنے پر چوٹ لگی اسی وقت عاقب جاوید اور دیگر کوچز کو اندازہ تھا کہ صائم ایوب کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے وہ دو سے اڑھائی ماہ میں فٹ ہو سکیں گے۔

اس لیے محمد رضوان، عاقب جاوید، بیٹنگ کوچ شاہد اسلم اور سلیکٹرز نے بابر اعظم سے کئی نشستیں کیں اور انہیں قائل کیا گیا کہ وہ ٹیسٹ اور ون ڈے میں اننگز اوپن کریں گے۔بابر اعظم کو بتایا گیا کہ سلیکٹرز چاہتے ہیں کہ آپ پاکستانی ٹیم میں وہ کردار ادا کریں جو بھارتی ٹیم میں سچن ٹنڈولکر نے ادا کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم سے کہا گیا ہے کہ وہ اننگز اوپن کریں اور ون ڈے اننگز میں تمام اوورز کھیلنے کی کوشش کریں، بابر اعظم سلیکٹرز، کپتان اور ہیڈ کوچ کی بات سن کر قائل ہو گئے اور وہ مستقبل میں ون ڈے میچوں خاص طور پر سہ فریقی ٹورنامنٹ اور چیمپئنز ٹرافی میں اننگز اوپن کرنے کے لیے رضا مند ہو گئے ہیں۔ٹیم انتظامیہ کا خیال ہے کہ بابر اعظم سچن ٹنڈولکر کی طرح پاکستان کے ون ڈے سکواڈ میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں