اشیا

ملک میں ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر0.36فیصد کی کمی ریکارڈ

اسلام آباد (مخبر نیوز)ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر0.36فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان ادارہ برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 30 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں صارفین کےلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 319.06 پوائنٹس ریکار ڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 0.36فیصد کم ہے۔ 23 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں صارفین کےلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 320.21پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران 16 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی اور26 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

اس کے برعکس 9 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ گزشتہ ہفتہ کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 16.18 فیصد، پیاز 12.32 فیصد، آلو 7.66 فیصد، انڈے 5.09 فیصد، دال چنا 3.67 فیصد، ایل پی جی 3.21 فیصد، دال مسور 1.32 فیصد، سب سے کم آمدنی والے گروپ کےلئے بجلی کی قیمت 0.99 فیصد، آٹا 0.95 فیصد، لہسن 0.41 فیصد اور جلانے کی لکڑی کی قیمت میں 0.27 فیصد کی کمی ہوئی۔ اس کے برعکس کیلے کی قیمت میں 4.60 فیصد، چینی 3.39 فیصد، چکن 0.93 فیصد، باسمتی چاول 0.70 فیصد، پانچ لٹر کوکنگ آئل 0.40 فیصد، بناسپتی گھی ایک کلو 0.32 فیصد، بیف 0.28 فیصد اور اڑھائی کلو بناسپتی گھی کی قیمت میں 0.26 فیصد کا اضافہ ہوا۔ سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی والے گروپ کےلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.52 فیصد کی کمی ہوئی۔

17 ہزار 733 سے لے کر 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 روپے اور اس سے زیادہ آمدنی والے رکھنے والے گروپوں کےلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.47 فیصد، 0.39 فیصد، 0.35 فیصد اور 0.29 فیصد کی کمی ہوئی۔ صارفین کےلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں