کراچی (مخبر نیوز) سینئر اداکارہ و میزبان حنا خواجہ بیات نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اولاد نہ ہونے اور بچہ گود نہ لینے پر آج تک تلخ باتیں سننے کو ملتی ہیں۔
حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شرکت کرنے والی اداکارہ حنا بیات نے اولاد سے محرومی اور اپنی زندگی کے تلخ تجربوں پر گفتگو کی۔
اداکارہ کے مطابق ان کی اور ان کے مرحوم شوہر راجر بیات کی کوئی اولاد نہیں، اس کے باوجود دونوں ہی اپنی زندگی سے مطمئن اور خوش تھے، ہم اپنے بھانجے، بھتیجے، بھانجیوں اور بھتیجیوں سے قریب ہیں اور انہی کو اپنی اولاد سمجھتے ہیں۔
دورانِ انٹرویو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہمیں اولاد کی کمی کے سبب کبھی اپنے گھر والوں یا عزیز و اقارب کی جانب سے کوئی منفی بات سننے کو نہیں ملی لیکن معاشرے کی جانب سے منفی رویہ برداشت کرنا پڑا۔