اسلام آباد (کامرس رپورٹر) روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کے ترسیلات زر 9.342 ارب ڈالر سے تجاوزکر گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق دسمبر میں سمندرپار پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹس کے ذریعے 203 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جس کے بعد ستمبر 2020 کے بعد سے لے کر اب تک روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 9.342 ارب ڈالر سے تجاوزکر گیا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے دسمبرکے دوران پاکستان میں 78 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جس کے بعد روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کی مجموعی سرمایہ کاری کا حجم 1.267 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔ سمندر پارپاکستانیوں نے نیا پاکستان روایتی سرٹیفکیٹ میں 460 ملین ڈالر، نیاپاکستان اسلامی سرٹیفکیٹ میں 748 ملین ڈالر اور روشن ایکویٹی انویسٹمنٹ میں 59 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔