لاہور(کامرس ڈیسک)ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے کہا ہے کہ ٹیکس ادائیگی کو قومی فریضے کے طور پر اجاگر کرنے کیلئے مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے ، اگر ہم نے نئی نسل کو ایمانداری سے ٹیکس دینے کی عادت ڈالنی ہے تو اسے نصاب میں شامل کیا جائے ۔ اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے نجی یونیورسٹی کے طلبہ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے حبیب الرحمن زبیری نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن اور اسے مہذب معاشروں کی فہرست میں شامل کرانا ہے تو ہمیں نئی نسل پر توجہ دینا ہو گی ،
انہیں قانون سے آگاہی دی جائے ، ایک دوسرے کی مدد کرنے کی ترغیب دی جائے، سب سے بڑھ کر انہیں بتایا جائے کہ ہم اگر ایماندار ی سے اپنے حصے کا ٹیکس ادا کریں گے تو اس سے نہ صرف ملک کا نظام چلے گا بلکہ کروڑوں لوگوں کو صحت ، تعلیم اور پینے کے صاف پانی سمیت دیگر سہولیات میسر آئیں گی ۔ تجویز ہے کہ ٹیکس ادائیگی کو قومی فریضے کے طور پر اجاگر کرنے کے لئے مہم شروع کی جائے اور اس کے لئے مختلف شعبوں کی نامور شخصیات کی مدد لی جائے ۔ نوجوان نسل جنہوں نے آنے والے سالوں میں عملی زندگی میں آنا ہے ان کے تعلیمی نصاب میں بھی اس کو شامل کیا جائے تاکہ ان کے دماغ میں یہ پختہ ہو سکے کہ وہ آگے چل کر جس بھی شعبے میں جائیں لیکن انہوںنے اپنے ملک کے لئے ایمانداری سے ٹیکسز کی ادائیگی کرنا ہے ۔