لاہور (تعلیم ڈیسک ) پنجاب یونیورسٹی شعبہ کریمنالوجی کے طلبہ وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا مطالعاتی دورہ کیا۔وفد میں شعبہ کریمنالوجی کے اساتذہ اور40 طلبا و طالبات شامل تھے۔ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز توصیف صبیح گوندل اور ڈی ایس پی ریاض شاہد نے وفد کو مختلف شعبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔طلبہ کو ماڈرن انویسٹی گیشن، کریمنل ریکارڈ اور ڈیٹا اینالیسز سنٹر کے حوالے سے بتایا گیا۔
وفد کو جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم اور ای چالان سسٹم کی ورکنگ کے بارے میں بھی آگاہی دی گئی۔توصیف صبیح گوندل نے بتایا کہ سیف سٹیز 18 ہزار سے زائد مقدمات میں قانون نافذ کرنے اداروں کو ڈیجیٹل شواہد فراہم کر چکی ہے۔انہوں نے طلبہ کو انویسٹی گیشن اور تفتیش کے دوران درپیش مختلف چیلنجز کے بارے میں بریف کیا۔وفد کو پنجاب پولیس ویمن سیفٹی ایپ کی ورکنگ اور استعمال کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔وفد میں شامل طالبات کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ویمن سیفٹی ایپ کی تشہیری مہم میں بھر پور کردار ادا کریں گے۔