لاہور (نمائندہ خصوصی):یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کا دسواں جلسہ عطائے اسناد کل یکم مارچ 2023 بوقت صبح10:30 جامعہ کے مرکزی کیمپس ٹاﺅن شپ، لاہور میں منعقد ہو گا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) کریں گے جبکہ مہمان خصوصی چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق کانووکیشن میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور دیگر تعلیمی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ کانووکیشن میں 15 پی ایچ ڈی، 287 ایم فل/ایم ایس اور 7785 گریجوایٹس و انڈر گریجوایٹس کو اسناد عطا کی جائیں گی۔
اس موقع پر 48 فارغ التحصیل طلبا کو نمایاں پوزیشن پر میڈلز بھی دیئے جائیں گے، یوں مجموعی طور پر 8087طلبہ و طالبات کو اسناد عطا کی جائیں گی۔ جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کے مطابق کانووکیشن کے انعقاد کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔