کراچی(نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہری گاڑی میں لائسنس یافتہ اسلحہ لے جا سکتے ہیں، نمائش پر پابندی ہے،عمران خان سندھ میں بھی جیل بھروتحریک چلائیں پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کریں گے۔سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بغیررجسٹریشن گاڑیوں کی پکڑدھکڑجلد شروع ہوجائے گی قانون سے بالا ترکوئی نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ پولیس اور ایکسائزڈیپاٹمنٹ نے کارروائی شروع کردی ہے آج اور کل بڑا کریک ڈائون شروع ہوجائے گا قانون کسی کوہاتھ میں لینے نہیں دی جائے گا،نمبر پلیٹس کا مسئلہ ہو یا ہتھیاروں کی نمائش سب پر سختی کی جائے گی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہری گاڑی میں لائسنس یافتہ اسلحہ لے جاسکتے ہیں، اسلحے کی نمائش پر پابندی ہے، حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نہیں چاہتی عوام کو پریشانی ہو، کوئی سفارش کام نہیں آئے گی، ہر کوئی اپنا قبلہ خود ٹھیک کر لے۔
شرجیل میمن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سندھ میں بھی جیل بھروتحریک چلائیں پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کریں گے۔، سندھ میں کوئی گرفتاری دینے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان مایوسی کا شکار ہیں، عمران خان برطانیہ سے جیل بھرو تحریک شروع کریں، عمران خان جیل بھرو تحریک میں بچوں کو بھی شامل کریں،عمران خان صرف عدالتوں سے ریلیف چاہتے ہیں۔