جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی

جے ایس ایم یو میں نئے طلبا و طالبات کیلئے اوپن ہائوس کا انعقاد

کراچی (ایجوکیشن رپورٹر)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ کونسل کے تحت ایم بی بی ایس و بی ڈی ایس کے نئے طلبا و طالبات کے لئے اوپن ہاوئس کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبا و طالبات کی جانب سے مختلف اسٹالز لگائے گئے اور ہم نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ ویلکم ٹو دی کیمپس کے عنوان سے منعقدہ اوپن ہائوس میں وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن، رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی، ناظم امتحانات ڈاکٹر انیتا شاہ و دیگر نے دورہ کرکے اسٹوڈنٹ کونسل کے اقدام کو سراہا،

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس سے طلبا و طالبات کی ہم نصابی سمیت غیر نصابی مہارتیں سامنے آتی ہیں اور نئے طلبا و طالبات اپنے ہم خیالوں کیساتھ ٹیم ورک کی اہمیت کو سمجھ پاتے ہیں۔ ادھر طلبا و طالبات نے کہا کہ اس طرح کی غیرنصابی سرگرمیاں پورے سال پڑھائی کے بعد ذہنی تھکان اترنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں اور دوستوں کے ساتھ اچھی یادیں بھی جڑ جاتی ہیں۔

اوپن ہائوس میں طلبا و طالبات کی جانب سے پنجا آزمائی سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے، کھانوں کیاسٹالز، بک اسٹالز، کپڑوں کے اسٹالز، دستکاری سے تیار اشیا کے اسٹالز لگائے گئے تھے۔ اوپن ہائوس کے منتظمین میں صدر اسٹوڈنٹ کونسل محمد احمد، نائب صدر نادیہ اسلم، جنرل سیکریٹری بلاج حسین، مشیر سبحان صدیقی و دیگر شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں