سندھ ہائیکورٹ

محمد خان بھٹی اوران کے ساتھیوں کو گرفتار نہیں کیا، آئی جی سندھ کی جانب سے رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں پیش

کراچی(کورٹ رپورٹر) سندھ پولیس نے کہاہے کہ محمد خان بھٹی اوران کے ساتھیوں کو گرفتار نہیں کیا، محمد خان بھٹی سندھ کے کسی بھی تھانے میں زیرحراست نہیں ہیں۔پنجاب اسمبلی کے سیکرٹری اور چوہدری پرویز الٰہی کے قریبی ساتھی محمد خان بھٹی اور دیگر کی بازیابی سے متعلق کیس میں آئی جی سندھ نے رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں پیش کردی۔پیرکوسندھ ہائیکورٹ میں پنجاب اسمبلی کے سیکرٹری اور پرویز الٰہی کے قریبی ساتھی محمد خان بھٹی اور دیگر کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ آئی جی سندھ کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

سندھ پولیس کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ محمد خان بھٹی اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ محمد خان بھٹی سندھ کے کسی بھی تھانے میں زیر حراست نہیں ہیں۔ وفاقی حکومت نے جواب جمع کرنے کے لیے مہلت مانگ لی۔ رینجرز پراسیکیوٹر حبیب احمد نے بھی جواب جمع کرنے کے لیے مہلت مانگ لی۔ عدالت نے وفاقی حکومت و رینجرز حکام سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔ بیرسٹر ایان میمن نے موقف دیا کہ سندھ پولیس کو محمد خان بھٹی کو تلاش کرنے کا پابند کیا جائے۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ سندھ پولیس ان گمشدگی سے لاتعلقی کا اظہار کررہی ہے۔ درخواست محمد خان بھٹی کے داماد عمر افتخار بھٹی ایڈووکیٹ نے دائر کی۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ محمد خان بھٹی 6 فروری سے مٹیاری کے پاس سے غائب ہوئے۔ اندیشہ ہے کہ انہیں حکومت کے اداروں نے گرفتار کیا ہے۔ ان پر تشدد کا اندیشہ ہے، عدالت میں فوری پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں