اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک ) سندھ نیٹ بال ٹیم کی کپتان قراة العین نے کہا ہے کہ نیٹ بال کے کھیل کو نیشنل گیمز میں شامل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل نیٹ بال چیمپین شپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نیٹ بال کے کھیل کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے لیاقت جمنازیم میں نیشنل مینز اینڈ ویمنز نیٹ بال چیمپئین شپ منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے تیرہ ٹیموں نے حصہ لیا جن میں پاکستان آرمی، پاکستان ایئرفورس، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا،
ہائرایجوکیشن، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور پی این ایف ایلیٹ شامل تھیں۔ اس چیمپئن شپ میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے بھر پور انداز میں اپنے جوہر دکھائے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ کوئٹہ میں کھیلی جانے والی نیشنل گیمز میں نیٹ بال کے کھیل کو بھی شامل کیا جائے تاکہ نیٹ بال کے کھلاڑیوں کو بھی نیشنل گیمز کھیلنے کا موقع مل سکے۔