کیپ ٹائون ( سپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز کے سابق بولر اور کمنٹیٹر این رافیل بشپ نے پاکستان کی جانب سے پہلی ٹی ٹونٹی سنچری کرنے والی ویمنز ٹیم کی کرکٹر منیبہ علی کے لیے تعریفی ٹوئٹ کی ہے۔این بشپ نے اپنے مصدقہ ٹوئٹر اکائونٹ سے منیبہ علی کی کارکردگی کے لیے تالیوں والا ایموجی بنایا اور ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ منیبہ پر پورے پاکستان کو فخر کرنا چاہیے اور ہوگا۔
اس کے علاوہ سابق پاکستانی کپتان محمد حفیظ نے بھی منیبہ علی کی اننگز پر انہیں مبارکباد پیش کی۔پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے منیبہ علی کی اس سنچری کو شاندار قرار دیا۔واضح رہے کہ کیپ ٹائون میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں گروپ ٹو کے میچ میں پاکستان کی منیبہ علی نے آئر لینڈ کے خلاف 66 گیندوں پر شاندار سنچری اسکور کی۔
منیبہ کی اننگز میں 14چوکے شامل تھے اور انہوں نے مجموعی طور پر 68 گیندوں پر 150 کے اسٹرائیک ریٹ سے 102 رنز کی اننگز کھیلی۔منیبہ پاکستان کی جانب سے ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سنچری اسکور کرنے والی پہلی بیٹر بن گئی ہیں۔