اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ترکیہ اور شام کی حکومتوں، عوام سے دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا ہے اس ضمن میں چیئرمین عمران خان کی خصوصی ہدایات پر مرکزی رہنما سید ذوالفقار عباس بخاری (زلفی بخاری) نے ترکیہ اور شام کے سفارتخانوں کا دورہ کیا جس میں زلفی بخاری نے ترکیہ اور شام کے سفراء سے خصوصی ملاقاتیں کیں ۔
زلفی بخاری نے ترکیہ اور شام کے سفراء کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خصوصی پیغامات پہنچائے ۔ زلفی بخاری نے کہاکہ ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے کی تباہ کاریوں پر پوری قوم،خصوصاً تحریک انصاف کے چیئرمین، قیادت اور کارکنان رنجیدہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ زلزلے کے نتیجے میں بھاری جانی و مالی نقصان نہایت افسوسناک اور باعثِ رنج ہے۔ انہوںنے کہاکہ کرب اور صدمات کے ان لمحات میں ترکیہ و شام کی حکومتوں، دونوں ممالک کے عوام سے دلی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف خصوصاً چیئرمین عمران خان ترکیہ و شام سے دوطرفہ تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
زلفی بخاری نے کہاکہ مصیبت میں گھِرے اپنے بھائیوں کی ہرممکن مدد کیلئے تیار ہیں، زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ترکیہ و شام کے شہریوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ زلفی بخاری نے کہاکہ امدادی کارروائیوں کے نتیجے میں بچائے جانے والے زخمیوں کی سلامتی و شفایابی کیلئے بھی دعا گو ہیں۔ترکیہ و شام کے سفارتخانوں کے دورے کے موقع پر زلفی بخاری نے مہمانوں کے دفتر میں تعزیتی تاثرات بھی قلمبند کئے ۔تعزیتی پیغام بھجوانے اور ترک و شام کے عوام سے یکجہتی کے اظہار پر ترکیہ و شام کے سفراء کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کا شکریہ ادا کیا گیا ۔
٭٭٭٭٭