مکوآنہ ( کامرس ڈیسک )محکمہ زراعت کی جانب سے پنجاب میں 2لاکھ 25ہزار ایکڑ رقبہ پر مونگ پھلی کی کاشت مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے97ہزار ٹن سے زائد پیداوار حاصل ہونے کا امکان ہے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں مونگ پھلی کے زیر کاشت رقبہ میں سے87فیصد چکوال،اٹک اور راولپنڈ ی میں کاشت ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ مونگ پھلی کے بیج میں 44سے56فیصد اعلیٰ معیار کا خوردنی تیل اور 22سے30فیصد لحمیات پائے جاتے ہیں لہٰذامونگ پھلی کے خوردنی تیل کے استعمال کو فروغ دے کر ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہر سال خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونیوالے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مونگ پھلی کی ترقی دادہ اقسام باری 2000،بارڈ479، گولڈن اور باری2011کی پیداواری صلاحیت 40من فی ایکڑ ہے جبکہ ہمارے کاشتکار اوسطاً6سے 10من فی ایکڑ پیداوار حاصل کررہے ہیں۔
انہوں نے زرعی سائنسدانوں سے گزارش کی کہ وہ جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے کاشتکاروں کی رہنمائی کریں تاکہ مونگ پھلی کی فی ایکڑ پیداوار میں 2سے 3گنا اضافہ کوممکن بنایاجاسکے۔
٭٭٭٭٭٭