لاہور (نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا اچانک دورہ کر کے پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے لئے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی انکے ہمراہ تھے۔ محسن نقوی نے ڈیجیٹل کیمروں کے ذریعے لاہور میں سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ نظام کا معائنہ کیا ۔اس کے ساتھ ڈیجیٹل وال پر مختلف علاقوں خصوصا پی ایل ایس روٹس کا بھی مشاہدہ کیا ۔
محسن نقوی نے سیف سٹیز اتھارٹی کے عملے سے ملاقات کی اوران سے مصافحہ کیا۔ محسن نقوی نے عملے کو جانفشانی اور جذبے سے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کی مانیٹرنگ کیلئے راولپنڈی اور ملتان میں لگائے کیمروں کو سیف سٹی لاہور سے منسلک کیا جائے، انٹیلی جنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے درست استعمال سے شہریوں کو بہترین ٹریفک پلان دیا جائے۔محسن نقوی نے پی ایس ایل ڈیوٹی پر مامور پولیس و دیگر عملے کے لئے کھانے پینے و چائے کے انتظامات کی ہدایت کی ۔
منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد کامران خان نے وزیراعلی کو پی ایس ایل سکیورٹی و سرویلنس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ سیف سٹیز اتھارٹی لاہور میں 550 خصوصی کیمروں سے پی ایس ایل کی نگرانی کر رہی ہے۔کھلاڑیوں اور شائقین کے روٹس، ہوٹل اور سٹیڈیم کی مانیٹرنگ کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ سیف سٹیز ٹیکنیکل ٹیمیں 24 گھنٹے فیلڈ میں ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔