سیف الملوک کھوکھر

مریم نواز کے متحرک ہونے سے پارٹی کو بھرپور تقویت ملی ہے’ سیف الملوک کھوکھر

لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ مریم نواز پارٹی میں نئی ذمہ داریاں ملنے کے بعد جس طرح متحرک ہیں اس سے پارٹی کو بھرپور تقویت ملی ہے ،ملک بھر میں کارکنوں سے ملاقاتیں اور ان کی پذیرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ حقیقی عوامی لیڈر ہیں ، عمران خان کا نام نہاد انقلاب زمان پارک میں پڑا پڑا پگھل رہا ہے ، عمران خان اور اس کے حواریوں کے جو کرتوت ہیں انہیں حقیقت میں جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حلقے میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ پارٹی کے تمام رہنماپارٹی کو از سر نو منظم کرنے کے لئے چیف آرگنائزر مریم نواز کے شانہ بشانہ ہیں ، ان شا اللہ مسلم لیگ (ن) ایک مضبوط سیاسی جماعت کے طور پر آئندہ عام انتخابات میں میدان میں اترے گی ۔انہوںنے کہا کہ ہماری قیادت بر ملا اعتراف کرتی ہے کہ ہمارے کارکنان پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں اور انہوں نے ہر موقع پر کارکنوں کی پذیرائی بھی کی ہے ۔

میں بھی پارٹی کا ادنیٰ سا کارکن ہوں لیکن مجھے پارٹی نے لاہور کی صدارت دی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اس کے حواری زمان پارک میں فارغ بیٹھ کر صرف ملک میں تماشہ لگانے کے لئے اسکرپٹ تیار کرتے ہیں اور جیل بھرو تحریک بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ہر روز تقریر کر کے کہتے ہیں عنقریب جیل بھرو تحریک کا اعلان کروں گا لیکن اس کے لئے اعلان کرنے کے حوصلہ نہیں ہو رہا ۔ عمران خان میں اتنی ہمت ہے تو آج ہی گرفتاری دے لیکن عوام اس کی گیدڑ بھبھکیوں سے آگاہ ہیں ۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں