اسرائیلی فوج

مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ فلسطینی بچہ شہید

مقبوضہ بیت المقدس(انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیاہے کہ مغربی کنارے میں جنین پناہ گزین کیمپ پر چھاپے کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی بچہ شہید اور کم سے کم تین دیگر زخمی ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ بچہ قصی رضوان واکد جس کی عمر 14 سال ہے پیٹ میں زندہ گولیاں لگنے سے شدید زخموں کے نتیجے میں شہید ہو گیا۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ جنین کیمپ میں فوجی کارروائی میں قیدی زکریا الزبیدی کے بھائی جبریل الزبیدی کو نشانہ بنایا گیا، جس پر اسرائیل حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام لگاتا ہے۔ اسے حراست میں لے لیا ہے۔ الزبیدی پرالزام عاید کیا جاتا ہے کہ اس نے چند ہفتے قبل جنین میں ایک ہلاک ہونے والے اسرائیلی کی لاش اغوا کرلی تھی۔ بعد ازاں فلسطینی اتھارٹی کی مداخلت سے یہودی آباد کار کی لاش واپس کی گئی تھی۔فوج نے کہا کہ فلسطینی بندوق برداروں نے فوجیوں پر فائرنگ کی۔

اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ہمیں اطلاع ملی کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران متعدد بندوق بردار زخمی ہوئے۔جنین کے نائب گورنر کمال ابو الرب نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے دوپہر کے وقت کیمپ پر دھاوا بول دیا اور جبریل الزبیدی کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس آپریشن میں تین فلسطینی زخمی اور ایک نوجوان شہید ہوگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں