چودھری پرویز الٰہی

قوم الیکشن کی تیاری کرے، ووٹ سے نا اہل ٹولے کیخلاف فیصلہ دینا ہے’ چودھری پرویز الٰہی

لاہور ( نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ قوم انتخاب کی تیاری کرے، ووٹ کی طاقت سے نااہل ٹولے کے خلاف فیصلہ دینا ہے،(ن) لیگ نے اپنے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، آج ایک مرتبہ پھر ملک کو انتقامی سرگرمیوں کا مرکز بنا دیا گیا ،نگران سیٹ اپ ہوش کے ناخن لے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار باضابطہ انتخابی مہم کا میدان سنبھال لیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابی میدان میں عمران خان کی کامیابی انشا اللہ یقینی ہے، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد انتخابی عمل میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔

سابق وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر تباہ کرنے والے شہباز شریف سے ووٹ کی طاقت کے ساتھ بدلہ لیا جائے گا، مسلم لیگ (ن) نے اپنے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، آج ایک مرتبہ پھر ملک کو انتقامی سرگرمیوں کا مرکز بنا دیا گیا ہے۔

حکمرانوں کو اپنے مقدمات سے ریلیف کے علاوہ کوئی فکر نہیں۔پرویز الٰہی نے کہا کہ نگران سیٹ اپ ہوش کے ناخن لے، انتقامی کارروائیاں عمران خان کی مقبولیت کم نہیں کرسکتیں۔عمران خان ملک کا مقبول ترین لیڈر ہے اور قوم کیلئے ڈلیور کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ملک میں سیاسی اور معاشی طور استحکام عمران خان ہی لا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے نے آئین کی بالادستی یقینی بنانے کا پیغام دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں