لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائیکالوجی کے زیر اہتمام دوسرا کانووکیشن منعقد کیا گیا جس میں سال 2021 کے بی ایس ، ایم ایس اور پی ایچ ڈی کے 190کامیاب ہونے والے طلبائو طالبات میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں ڈائریکٹر انسٹیٹیو ٹ آف اپلائیڈ سائیکالوجی پروفیسر ڈاکٹر رافعیہ رفیق، پروفیسر ایمریٹس ڈاکٹر نجمہ نجم ، پروفیسر ڈاکٹر روحی خالد،ڈاکٹر نعمانہ امجد،پروفیسر ڈاکٹر میاں آفتاب،ڈاکٹر عفیفہ انجم،ڈاکٹر فاطمہ کامران،ڈاکٹر صائمہ غزل سمیت دیگر فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر رافعیہ رفیق نے کامیاب طلباء کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ فارغ التحصیل نوجوان اپنی صلاحیتوں سے معاشرے کی فلاح و بہبود میں کردار اد کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب ، زلزلے اور کرونا جیسی قدرتی آفات میں ذہنی صحت کی بحالی کیلئے نفسیات دانوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیو ٹ آف اپلائیڈ سائیکالوجی طلباء کو کوالٹی ایجوکیشن دینے کے ساتھ کردار سازی پربھی بھرپور توجہ دیتا ہے ۔