صدر عارف علوی اور عمران خان

صدر عارف علوی اور عمران خان کی ملاقات، پنجاب اور کے پی میں الیکشن کی تاریخ نہ دینے پر اظہار تشویش

لاہور (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ملاقات ہوئی ۔لاہور میں عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک پر ہونے والی ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور صدر عارف علوی کے آئینی اختیار ات پر بھی مشاورت کی گئی۔آدھے گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والی ملاقات میں صدر عارف علوی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی خیریت بھی دریافت کی۔ذرائع کے مطابق صدر عارف علوی اور عمران خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبر پختونخوا اور پنجاب کے انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا، 90روز میں انتخابات نہ ہوئے تو آئین شکنی ہو گی۔ ملاقات کے بعد عارف علوی زمان پارک سے روانہ ہو گئے۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب ہیلتھ کارڈ اسکیم کو بلاک کیے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔

سابق وزیر اعظم نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ اپنے لوگوں کی بھاری اکثریت کو محض سیفٹی نیٹ ہی مہیا کرنا نہیں بلکہ صحت کارڈ کے ذریعے ملک بھر خصوصا دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کاجال بچھانا ہمارا ہدف تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ دیہی علاقوں میں لوگوں کی قوتِ خرید کے فقدان کے باعث نجی شعبہ اسپتال قائم کرنے پر آمادہ نہ تھا، میں صحت کی سہولیات (ہسپتال وغیرہ)کا جال بچھانا بھی ہمارا کلیدی ہدف تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں