ڈاکٹر جاوید اکرم

سرکاری ہسپتالوں میں لوکل پرچیزکی حوصلہ شکنی کیلئے ماڈل فارمیسیاں قائم کی جارہی ہیں’ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے فیروزپورروڈپرواقع پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ہاؤس کا دورہ کیا۔ صدرپاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہورچیپٹرپروفیسرڈاکٹراشرف نظامی ودیگرعہدیداران نے نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم کی آمدپر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور خوش آمدیدکہا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے پی ایم اے ہاؤس میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے ملاقات کی اور صحت کے نظام میں مزیدبہتری لانے کیلئے تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر پشاوردھماکہ،ترکیہ اور شام زلزلوں کے نتیجے میں لقمہ اجل بننے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔صدرپاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہورچیپٹرپروفیسرڈاکٹراشرف نظامی نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم کو تنظیم کے اغراض و مقاصدسے آگاہ کیا۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری پروفیسرشاہدملک، پروفیسرڈاکٹرامجد، ڈاکٹراظہارچوہدری،نائب صدرڈاکٹرخالد،ڈاکٹرارم شہزادی،ڈاکٹرسہیلہ،ڈاکٹربشریٰ حق، پروفیسرکامران سعید، ڈاکٹرریاض، ڈاکٹرعلیم، ڈاکٹرسلمان کاظمی اورڈاکٹرواجدعلی بھی موجودتھے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر صحت کے نظام میں بہتری کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن کے ذریعے پورے صوبہ میں انسانیت کے دشمن عطائیوں کے خلاف گرینڈآپریشن کررہے ہیں۔صوبہ بھر میں عطائیوں کے خلاف حکومت کے آخری دن تک جہادجاری رکھیں گے۔
ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے تمام کارڈیالوجی ہسپتالوں میں مریضوں کو پرائمری انجیوپلاسٹی کی24/7سہولت فراہم کردی ہے۔پی آئی ٹی بی کے تعاون سے کارڈیالوجی ہسپتالوں کیلئے ڈیش بورڈبنادیاگیاہے۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں لوکل پرچیزکی حوصلہ شکنی کیلئے ماڈل فارمیسیاں قائم کی جارہی ہیں۔نگران حکومت پنجاب انسانیت کے دشمنوں کو پنپنے نہیں دے گی۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کو مریضوں کی بہتری کیلئے حکومت کا حقیقی معنوں میں بازوبناناچاہتے ہیں۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سمیت تمام سٹیک ہولڈرزکو ساتھ لے کرچلیں گے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے ایجرٹن روڈپر ہسپتال بنانے کے منصوبے میں حکومت بھرپورتعاون کرے گی۔انسان کی نیک نیتی ہوتواللہ پاک ضرورغیبی امدادفرماتاہے۔جسٹس(ر)اکرم روڈپرقائم ہسپتال میں آج بھی عوام کو صحت کی بہترین اور مفت سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے مزیدکہاکہ پنجاب میں صحت کارڈبندنہیں کرناچاہتے۔محکمہ صحت پنجاب اور تمام سٹیک ہولڈرزکو دکھی انسانیت کیلئے ایک خاندان کی مانندخدمات سرانجام دینی چاہئیں۔

نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاوید اکرم نے ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کیلئے اپنی خدمات کی پیش کش کرنے اور مریضوں کے محفوظ علاج و معالجہ اور ڈاکٹرزکے حقوق کی پاسداری کرنے پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی گراں قدر خدمات کوبے حد سراہا۔صدرپاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہورچیپٹر پروفیسرڈاکٹراشرف نظامی نے کہاکہ مریضوں کی بہتری اورڈاکٹرزکی فلاح وبہبودکیلئے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ہمیشہ اپناکلیدی کرداراداکرتی رہے گی۔ پنجاب میں صحت کے نظام میں بہتری کیلئے ہماری خدمات حاضرہیں۔ پروفیسرڈاکٹراشرف نظامی نے کہاکہ لاہورسمیت صوبہ بھرکے سرکاری ہسپتالوں کوپیپرلیس بناناچاہتے ہیں۔عطائیوں کے خلاف گرینڈآپریشن میں نگران حکومت کابازوبنیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں